کراچی ( اسٹاف رپورٹر))امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، کورنگی، ملیر، بن قاسم، شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 22،عسکری 4 راشد منہاس روڈ میں 7دن سے بجلی غائب ہے، جن علاقوں کے بارے میں کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ وہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں ان علاقوں کے عوام بھی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہو رہے ہیں، تجارتی مراکز میں کاروبار شدید متاثر اور شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں، بجلی کی بندش سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور فلٹر پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے عوام مہنگے داموں منرل واٹر خریدنے پر مجبور ہیں، جگہ جگہ کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے لیکن اس نجی کمپنی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، حکومت، نیپرا اور کے الیکٹرک کی ملی بھگت سے اہل کراچی پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے اور کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے بجائے مختلف طریقوں سے کے الیکٹرک کو نوازا جا رہا ہے،حکومت اور کوئی حکمران پارٹی کے الیکٹرک کے خلاف کچھ کرنے پر تیار نہیں ہے۔صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ کے الیکٹرک کے خلاف اہل کراچی کی حقیقی ترجمانی کی ہے،جماعت اسلامی کا شروع سے مطالبہ رہا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے اسے قومی تحویل میں لیا جائے،ا ملک بھر میں مہنگی ترین بجلی کے بجائے این ٹی ڈی سی سے سستی بجلی فراہم کی جائے۔