کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈر 15ناروے فٹبال انٹرنیشنل کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی لیاری کی ٹیم اور اسی ٹورنامنٹ میں آٹھویں نمبر پر آنے والی لڑکیوں کی ٹیم کے اعزاز میں الخدمت کی جانب سے ہیڈ آفس میں خصوصی تقریب وعشائیہ کا اہتمام کیا گیااورانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا،دنوں ٹیموں کے کوچزاور کیپٹن کو الخدمت کی جانب سے یاد گاری شیلڈز دی گئیں جبکہ کھلاڑیوں کو کتب ودیگر تحائف دیے گئے۔اس موقع پر الخدمت نے تمام کھلاڑیوں کی تعلیم کے حوالے سے ہر ممکن معاونت کا بھی اعلان کیا، تقریب کی صدارت چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کی،جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشدقریشی اور لیاری کی ٹیم کے کوچ راشد بلوچ نے بھی خطاب کیا، نوید علی بگ نےکہا کہ لیاری کے ان بچوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور اہل پاکستان کو بھی بتادیا کہ لیاری کے نوجوان سے پیچھے نہیں، لیاری کے بچوں نے ثابت کردیا ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں اور حوصلہ افزائی کی جائے تو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔