راولپنڈی( نیوز رپورٹر)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بحرین کے ساتھ دوطرفہ فوجی تعاون خاص طور پر مشترکہ تربیت اور علم کے تبادلے کے شعبوں میں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پیر کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے کلیدی شعبوں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فریقین نے ایک متحد ٹیم کے طور پر مشترکہ تربیت اور اجتماعی ترقی پر زور دیتے ہوئے عسکری سطح پر تعلقات کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔