قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے بیٹنگ ایپس کی تشہیر کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے لاہور سے ایک اور یوٹیوبر کو گرفتار کر لیا۔
اے پی پی کے مطابق یوٹیوبر مدثر حسن پر الزام ہے کہ وہ اپنے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف بیٹنگ ایپس کی تشہیر کر رہے تھے، ایف آئی آر میں درج ہے کہ مدثر حسن نے اپنے فالوورز کو ان ایپس کے استعمال پر راغب کیا۔
ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 222/25 درج کر لی گئی ہے جس میں پیکا ایکٹ 2025 کی دفعات 13، 14، 25 اور 26 کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 294-B اور 420 بھی شامل کی گئی ہیں۔
حکام نے ان کا موبائل فون قبضے میں لے کر فارنزک جانچ کے لیے بھجوا دیا ہے، این سی سی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آن لائن جوئے اور اس کی تشہیر کے خلاف جاری ملک گیر کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔
اس سے قبل اسی نوعیت کے الزامات پر مشہور یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ دیگر یوٹیوبرز بشمول اقراء کنول، رجب بٹ، محمد انس علی اور ندیم مبارک کو بھی تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق بیٹنگ ایپس کی پروموشن ناصرف ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عوام کی مالی سلامتی اور سماجی ڈھانچے کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مواد کی تشہیر کرنے والے انفلوئنسرز سخت قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے۔