اداکارہ مومنہ اقبال نے سیلاب زدہ علاقوں میں سیاسی رہنماؤں کی ویڈیوز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کو اپنے پلیٹ فارمز چھوڑ دینے چاہئیں کیونکہ سیاستدان ان سے بہتر کنٹینٹ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ میں تمام ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور اداکاروں سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز چھوڑ دیں کیونکہ اب ہمارے سیاستدان سوشل میڈیا پر آ گئے ہیں اور وہ یہ سب ہم سے بہتر کر رہے ہیں، خاص طور پر ان کے کنٹینٹ کری ایٹرز اور کیمرہ مین۔
مومنہ اقبال نے سنجیدہ انداز میں مزید کہا، ’عوام بے وقوف نہیں ہیں، ہم جانتے ہیں کہ یہ سیاستدان صرف 10 سے 15 منٹ کے لیے اپنے حلقوں میں آتے ہیں اور پھر غائب ہو جاتے ہیں، یہ ہماری حفاظت کریں گے؟‘
انہوں نے حالیہ بارشوں اور ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان محلات میں رہتے ہیں، انہیں عام لوگوں کا درد نہیں معلوم جنہوں نے خون پسینہ بہا کر اپنے گھر بنائے تھے۔