ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور پروفیشنل ریسلر ڈوین جانسن، جو دی راک کے نام سے مشہور ہیں، اپنی نئی فلم دی اسمیشنگ مشین میں شاندار اداکاری اور وزن میں غیرمعمولی تبدیلی کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
یکم ستمبر 2025ء کو وینس فلم فیسٹیول میں فلم کی نمائش کے دوران انہیں شاندار پرفارمنس پر 15 منٹ تک کھڑے ہو کر داد دی گئی، تاہم مداحوں کی توجہ صرف اداکاری پر ہی نہیں بلکہ ان کی بدلی ہوئی جسامت پر بھی رہی۔
فلم میں سابق ایم ایم اے فائٹر مارک کیر کا کردار ادا کرنے کے لیے 53 سالہ جانسن نے تقریباً 60 پاؤنڈ وزن کم کیا اور 300 پاؤنڈ سے 240 پاؤنڈ پر آگئے، اس تبدیلی نے مداحوں اور میڈیا کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا پر ان کے وزن میں کمی کو اوزیمپک (Ozempic) دوا سے جوڑنے کی افواہیں بھی سامنے آئیں، تاہم اس کی کوئی مصدقہ اطلاع یا اداکار کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق جانسن نے اپنی خوراک اور ورزش میں بڑی تبدیلیاں کیں، انہوں نے ہائی پروٹین اور کم شوگر والی ڈائٹ اپنائی، جس میں چکن، مچھلی، گوشت، سبزیاں اور کاربوہائیڈریٹس شامل تھے۔
جانسن نے 2024ء میں انکشاف کیا تھا کہ وہ کئی سالوں سے ہاضمے کے مسائل کا شکار تھے، ڈاکٹرز کے مطابق اینٹی بایوٹکس کے استعمال سے آنتوں میں موجود فائدہ مند بیکٹیریا کی کمی ہوگئی تھی، جس کے باعث انہیں لیکی گٹ کا مسئلہ ہوا، یہی وجہ ان کے وزن میں نمایاں کمی کا باعث بھی بنی۔