ہالی ووڈ کے اسٹار اداکار ڈوین جانسن المعروف دی راک اپنی نئی فلم دی اسمیشنگ مشین کے عالمی پریمیئر پر آبدیدہ ہوگئے۔
یکم ستمبر 2025ء کو وینس فلم فیسٹیول کے دوران سابق ریسلر اور اداکار ڈوین جانسن کی نئی فلم دی اسمیشنگ مشین نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
اس فلم کی کہانی مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر مارک کیر کی زندگی پر مبنی ہے۔ فلم میں ڈوین جانسن نے ایم ایم اے لیجنڈ مارک کیر کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ کہانی 2002 کی ایک دستاویزی فلم سے ماخوذ ہے۔
مارک کیر نے اپنے کیریئر میں کئی اعزازات جیتے لیکن منشیات کے استعمال کے باعث مشکلات کا شکار بھی رہے۔ فلم میں ان کی ذاتی زندگی اور اُس وقت کی گرل فرینڈ کے ساتھ تعلقات بھی دکھائے گئے ہیں۔
اسپورٹس بائیوپک کی نمائش پر وینس فلم فیسٹیول میں موجود شائقین نے اداکار کو شاندار پرفارمنس پر 15 منٹ تک کھڑے ہو کر خراج تحسین پیش کیا، جس پر ہالی ووڈ اسٹار دی راک آبدیدہ ہوگئے۔
53 سالہ اداکار کو فلم فیسٹیول میں کھڑے ہو کر ملنے والی داد رواں سال کی سب سے طویل داد ہے۔
فلم دی اسمیشنگ مشین 3 اکتوبر 2025 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔