• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ کہنا غلط ہے کہ نواز شریف اپنے نظریات سے الگ ہوگئے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نظریات کو عملی شکل میں لانے کا وقت آگے پیچھے ہو سکتا ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ نواز شریف اپنے نظریات سے الگ ہوگئے۔

جیو نیوز کے  پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مری کی میٹنگ میں تسلسل کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے، نواز شریف اس نظام سے بالکل مطمئن ہیں اور اس نظام کے تسلسل کی وجہ شہباز شریف کی شخصیت ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں تمام اشاریے درست سمت میں تھے، نواز شریف پانچ سال وزیراعظم رہتے تو آج ملک میں صورتحال مختلف ہوتی، ہماری توجہ پاکستان کی معیشت، استحکام اور خارجہ پالیسی ہے، ہماری سمت کا تعین ہوچکا ہے ہمیں اس طرف بڑھنا ہے۔

ایک سوال کے جواب  میں وزیر دفاع نے کہا کہ شام تک شہباز شریف سے رابطہ تھا، ان کو میری بات پر اعتراض کرنے دیں، میری بات سے وزیراعظم شہباز شریف کو کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز میری بیٹی ہیں، وہ ہماری جماعت کا مستقبل ہیں، مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ پنجاب بہتر کام کر رہی ہیں، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز کی کامیابی کے لیے دعاگو بھی ہوں، ان کی کامیابی کے لیے میں اپنا حصہ بھی ڈال رہا ہوں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نجانے کہاں کہاں سے تار آجاتے ہیں، یہ ساری ان لوگوں کی ذہنی اختراع ہے، نواز شریف کی مرضی سے یہ تمام اقدامات مضبوط ہوئے اور مزید ہوں گے، یہ آج کل جو سینہ گزٹ چل رہا ہے یہ باتیں بیٹھ کر شاید بنائی جاتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید