واشنگٹن (عظیم ایم میاں)صدر ٹرمپ کو عالمی اور داخلی محاذ پر بھی چیلنج و مسائل کا سامنا ہے ، یہ مڈٹرم انتخابات میں ٹرمپ کے لئے ناموافق صورتحال کا باعث بن سکتی ہے۔ امریکی صدر کو عالمی محاذپر شنگھائی تعاون سمٹ کے اثرات ، یو کرین کی جنگ، غزہ کی المناک صورتحال اور اپنی ٹیرف پالیسی کے باعث درپیش چیلنجوں کے ساتھ ساتھ داخلی محاذ پرافراط زر، شدید مہنگائی، امیگریشن پالیسی، بڑے شہروں میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کے منفی اثرات کا بھی سامنا ہے جواگلے سال امریکی کانگریس کے مڈٹرم انتخابات میں ٹرمپ کے لئے ناموافق صورتحال کا باعث بن سکتا ہے جبکہ امریکی کانگریس میں معمولی اکثریت کی حامل حکمران ری پبلکن پارٹی کے اراکین بھی صدر ٹرمپ کے بعض اقدامات سے پریشان نظر آتے ہیں۔ اس کی تازہ مثال امریکی وزیر صحت رابرٹ کینیڈی جونیئر کی امریکی سینیٹ کی فنانس کمیٹی کے سامنے سماعت کے دوران تین امریکی ری پبلکن سینیٹروں کی وزیر صحت کے خلاف سخت تنقید اور مستعفی ہونے کا مطالبہ تھا۔ عالمی شہرت یافتہ کینیڈ خاندان کے رابرٹ کینیڈی جونیئر اپنی ڈیموکریٹک پارٹی کو چھوڑ کر صدر ٹرمپ کی حمایت کرنے کی صورت سے صدر ٹرمپ نے انہیں اپنی کابینہ میں وزیر صحت مقرر کیا ہے۔