• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے فور منصوبے میں بے ضابطگیاں، ٹھیکیدار کو لیٹر آف کریڈٹ کے بغیر 6 ارب روپے ادائیگی

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) کے فور منصوبے میں بے ضابطگیوں کا سلسلہ جاری‘ ٹھیکیدار کو لیٹر آف کریڈٹ کے بغیر6ارب روپے سے زائد ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پریشرائزڈ واٹر ٹرانسمیشن ایم ایس پائپ لائن کی ادائیگی کے شیڈول کی شق اے کے مطابق 30 فیصد ادائیگی اس وقت کی جائے گی جب منظور شدہ ”ہاٹ رولڈ اسٹیل کوائل“ مینو فیکچرر کے نام پر ایل سی کھولی جائے گی تاکہ ایم ایس پائپ کی تیاری کے لیے گریڈ X-42 کی ’’ہاٹ رولڈ کوائل“ کی خریداری ممکن ہوسکے۔ ”جنگ“ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق کے فور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کے دوران برائے مدت جولائی 2023ءتا جون 2024ء یہ مشاہدہ کیا گیا کہ ٹھیکیدار M/s CHEC-AFI JV کو روپے 6,678.115 ملین کی ادائیگی اس LC کے تحت کی گئی جو”ہاٹ رولڈ کوائل“ کی درآمد کے لئے کھولا گیا تھا۔ مزید جانچ سے معلوم ہوا کہ متعلقہ رقم کے لیے LC منظور شدہ مینو فیکچرر یعنی M/s HBIS Group Co. Ltd. Tangshan Branch, China کے نام پر نہیں بلکہ مرکزی ٹھیکیدار M/s CHEC کے نام پر کھولا گیا۔ آڈٹ کا موقف تھا کہ چونکہ لیٹر آف کریڈٹ منظور شدہ مینو فیکچرر کے نام پر نہیں کھولا گیا لہٰذا مذکورہ ادائیگی قواعد کی خلاف ورزی کے باعث غیر قانونی شمار کی گئی‘ معاہدے کی شرائط پر عمل نہ کرنے کے باعث مالی سال 2023-24ء کے دوران روپے 6,678.115ملین کی غیر قانونی ادائیگی عمل میں آئی‘ یہ معاملہ اگست 2024ءمیں انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا اور نومبر 2024ءمیں وزارت کو رپورٹ کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید