کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر معاملے کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ سندھ اور پنجاب کے وزرائے آبپاشی مسلسل رابطے میں ہیں۔گڈو بیراج پر پانی کی آمد تین لاکھ بائیس ہزار سات سو ستر کیوسک اور اخراج تین لاکھ پچانوے ہزار دو سو آٹھ کیوسک ہے۔ پنجاب سے پانی کی آمد میں مزید تین روز لگنے کا امکان ہے اور وہاں سے توقع سے کم پانی پہنچ رہا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت کی جانب سے ایک بار پھر پانچ لاکھ کیوسک پانی کا ریلا پاکستان کی طرف چھوڑا گیا ہے۔صوبائی رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے متعدد عملی اقدامات کئے ہیں۔ صرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 940 افراد کو ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں سے منتقل کیا جا چکا ہے۔