بالی ووڈ کے 89 سالہ سینئر اداکار دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال سے گھر لانے کے بعد ان کی اہلیہ، بھارتی اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے ان کی صحت کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر کے اسپتال میں داخل رہنے کہ یہ گزشتہ چند روز دیول خاندان اور ان کے مداحوں کے لیے بہت مشکل رہے ہیں۔
جہاں دھرمیندر کا خاندان ان کے ساتھ کھڑا رہا، وہیں مداحوں نے بھی دھرم پاجی کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
شاہ رخ خان، سلمان خان اور گووندا جیسے نامور اداکار بھی ان کی بگڑتی صحت کی خبر سن کر لیجنڈری سپر اسٹار سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے، اسی دوران دھرمیندر کے انتقال کی جھوٹی خبریں بھی آن لائن وائرل ہو گئیں، جنہوں نے مداحوں کو افسردہ اور خاندان کو شدید ناراض کیا۔
گزشتہ روز 12 نومبر کو دھرم پاجی کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا اور وہ گھر واپس آ گئے، جہاں وہ تیزی سے روبہ صحت ہو رہے ہیں۔
اب دھرمیندر کی اہلیہ ہیما مالنی نے ان کی صحت پر کھل کر بات کی ہے۔
ایک انٹرویو میں ہیما مالنی نے دھرمیندر کو گھر لانے اور ان کی بگڑتی ہوئی صحت سے پورے خاندان کی پریشانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے آسان وقت نہیں رہا ہے، دھرم جی کی صحت ہمارے لیے بڑی تشویش کا باعث ہے، جس سے ان کے بچے بے خوابی کا شکار ہیں، میں بھی کمزور پڑنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذمے داریاں بہت زیادہ ہیں لیکن میں خوش ہوں کہ وہ گھر واپس آ گئے ہیں، ہمیں سکون ہے کہ وہ اب اسپتال سے باہر ہیں، انہیں ان لوگوں کے درمیان رہنے کی ضرورت ہے جن سے وہ محبت کرتے ہیں، باقی تو سب اوپر والے کے ہاتھ میں ہے، براہِ مہربانی ہمارے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ دھرمیندر کو گزشتہ روز صبح ساڑھے 7 بجے اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، ان کی گھر واپسی پر دیول خاندان نے ایک سرکاری بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ دھرمیندر کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور وہ اب گھر پر آرام کریں گے جہاں وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں۔