سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال ابھی تک غیر معمولی ہے لیکن سندھ حکومت سیلابی صورتحال پر دن رات نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایک بیان میں شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ اور ریلیف کے تمام محکمے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجند بیراج کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج دونوں 452930 کیوسک ہیں جبکہ کچے کے علاقوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7724 افراد محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو چکے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ41 ہزار لوگ کچے کے علاقوں سے محفوظ جگہوں کو منتقل ہو چکے ہیں اور اب تک 3 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
ان کا کہنا مزید کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 90 فیصد بھر چکا ہے، خانپور، راول اور سملی ڈیمز میں بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔