کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے،واقعات سرجانی ٹائون اور سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں پیش آئے ۔سہراب گوٹھ تھانہ کی حدودچھانگا آباد سپرمارکیٹ کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ سرجانی ٹاؤن تھانہ کی حدودخدا کی بستی فیز I ٹی سی ایف اسکول کے قریب گھر میں فائرنگ سے 35سالہ سند س زوجہ عمران عرف دانیال جاں بحق ہوگئی ،فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر مقتولہ خاتون کی میت کو اسپتال منتقل کی، پولیس کے مطابق مقتولہ کی چھوٹی بہن سحر کا اپنے شوہر سے علیحدگی ہوگئی تھی اور انکے مابین بچوں کی حوالگی کو لیکرتنازع تھا،سحر کا سابقہ شوہر شارق اپنے بھائیوں علی اور عارف کے ساتھ سحر کی والدہ کے گھر آئے جہاں پر سندس بھی موجود تھی ،شارق اپنی چھوٹی بیٹی کو جو انکی والدہ کے ساتھ رہ رہی تھی زبردستی اپنے ساتھ لیجانے کی کوشش کی اس دوران جھگڑا ہوگیا اور جھگڑے کے دوران شارق کی بھائی عارف نے فائرنگ کردی جس کے باعث سندس گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی ،واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔