لاہور (جنگ نیوز) انڈیا سےپاکستان آنے والا سیلاب کا پانی نہ صرف تباہی لایا بلکہ انڈیا سے مختلف اشیا جیسے ہتھیار، برتن اور جانوربھی دریاؤں اور نالوں کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے۔نالہ ڈیک سے حالیہ سیلاب کے بعد پانچ اینٹی ٹینک مائنز برآمد ہوئیں۔یہ مائنز انڈین ساخت کی تھیں اور ظفروال کے مختلف مقامات سے ملیں، بم ڈسپوزل سکواڈ نے انہیں ناکارہ بنایا۔ کچھ مائنز کی مقامی آبادی کےلوگوں نے نشاندہی کی جب کہ کچھ کو ریسکیو مشن پر مامور سرکاری اہلکاروں نے ڈھونڈا، نالہ ڈیک سے پہلے بھی مائنز ملتی رہی ہیں لیکن اس بار اینٹی ٹینک شکن مائنز بھی ملیں جن کی مثال پہلے نہیں ہے۔ مائنز کے علاوہ انڈیا سے آنے والے سیلابی پانی میں پنجاب کے سرحدی علاقوں قصور اور بہاولنگر میں مختلف گھریلو اشیا برتن، فرنیچر ، کپڑے ، مال مویشی اورکچھ جنگلی جانور بھی آئے ہیں جو مقامی آبادی کے مطابق اوپر کے علاقوں سے آئیں۔ ان اشیا میں پلاسٹک کی چیزیں، شیشے کے برتن اور الیکٹرانک کا سامان بھی شامل ہے۔ یہ اشیا قدرتی طور پر بہہ کر آئیں کیونکہ دریا انڈیا سے پاکستان کی طرف بہتے ہیں۔