اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے انکشاف کیا ہے کہ میں سویا ہوا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے اسپیکر نامزد کردیا۔
پشاور میں اسمبلی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں بابر سلیم سواتی نے کہا کہ دانستہ طور پر کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی، آج پارلیمانی تاریخ کا اہم دن ہے۔ بانی پی ٹی آئی قانون کی بالادستی کی بات کر رہے ہیں۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے مزید کہا کہ 1974ء میں گورنر کے نوٹیفکیشن کے تحت رولز بنے تھے، جواب تک چلتے رہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کہنے کو تو آپ آزاد ہیں، گورا بادشاہ چلا گیا مگر سسٹم وہی چلتا رہا، ہم آسٹریلیا اور دیگر پارلیمانی نظام کو دیکھ کر تبدیلی لائے۔
بابر سلیم سواتی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ان قوانین کو لوگوں کے خواہشات کے مطابق بنایا، پہلےاسمبلی میں انگریزی، اردو اور پشتو میں اظہارخیال کیا جاسکتا تھا، اب ہندکو اور سرائیکی میں بھی ایوان میں بات ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ کبھی کبھی تلخی بھی ہوتی رہی لیکن اصلاحات میں انہوں نے سپورٹ کیا، یہاں کے موسم کا کچھ پتا نہیں چلتا کہ کب کلاؤڈ برسٹ ہوجائے۔