پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ بیماری کے بارے میں آگاہی کی کمی ، جانچ اور علاج تک محدود رسائی میں تاخیر اور کمی اور خاندان میں متواتر شادیوں کی بلند شرح کی وجہ سے تھیلی سیمیا اور دیگر جینیاتی امراض کا خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے، تھیلی سیمیا جیسے موروثی مرض کے خاتمے کا خاتمہ ہمارا مشن ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھیلی سیمیا کا شکار بچوں کے والدین کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا کی جینیاتی بنیاد اس کے پھیلاؤ کی بلند شرح کا سب سے بڑا سبب ہے کیونکہ بہت سے کیریئرز اس بات سے واقف نہیں ہوتے کہ وہ اپنے بچوں کو یہ بیماری منتقل کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موروثی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے اس کے پھیلاؤ کے عوامل کو ختم کرنا ضروری ہے، ادارہ کے زیر اہتمام آگاہی تقاریب کا انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے عوام میں شعور اجاگر ہو اور اس تھیلی سیمیا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔