• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ایم یو میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کا نفرنس کا انعقاد

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کے حوالے سے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر کانفرنس ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق تھے۔ کانفرنس کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس اور انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبیلیٹیشن کے طلبہ نے کیا۔ تھا سکالر مولانا محمد حسن، ممبر رویت ہلال کمیٹی ممتاز عالم دین پروفیسر ڈاکٹر مولانا عبدالغفور ، ڈائریکٹر اسپورٹس ناصر سلیم عرب، ڈائریکٹر آئی پی ایم اینڈ آر ڈاکٹر عرفان اللہ، اوردیگر نے شرکت کی۔ مولانا محمد حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ نے عدل و انصاف، مساوات اور خدمتِ خلق پر مبنی ریاست کی بنیاد رکھی اور معاشرتی ناانصافیوں، ظلم، جاہلیت اور نسلی امتیاز کو ختم کیا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی عملی زندگی میں سچائی، دیانت، ایثار اور خدمتِ خلق کو شعار بنائیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرت النبی ﷺ ایک مکمل ضابطۂ حیات اور ہر انسان کے لئے ذریعۂ ہدایت ہے۔ کوئز اور پوسٹر مقابلہ بھی منعقد ہوا جس میں بشریٰ سلطان، عبیداللہ، انس، حافظہ مقدس، محمد عثمان، محمد زید، محمد اسامہ، زونیرا فاطمہ اور کامران شعیب نے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے مقررین، نعت خواں اور کوئز و پوسٹر مقابلوں کے کامیاب طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔
پشاور سے مزید