پشاور (جنگ نیوز) وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت مردان میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی اسپورٹس، اوقاف ایڈمنسٹریٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل و فیمل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم اور محکمہ کھیل کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت اور درپیش رکاوٹوں کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مردان میں جاری تعلیمی و کھیلوں کے تمام منصوبوں میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہمارا اصل اثاثہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے صوبے اور ملک کو ترقی دینا ہے۔وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں خصوصاً کھیلوں میں مصروف رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ بری صحبتوں سے محفوظ رہیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔ صوبائی نے مزید کہاکہ کہ نوجوان نسل کو تعلیم اور کھیل کے میدان میں سہولیات فراہم کرنے حکومت خیبر پختونخوا می ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔