پشاور (جنگ نیوز) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی نے اپنے دفتر سے جاری بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر امیر مقام پاکستان تحریک انصاف پر الزامات لگا رہا ہے کہ نوجوانوں کو گمراہ کیا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پوری قوم کو گمراہ کیا ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے نوجوانوں کو شعور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف امیر مقام خود فارم 47کی پیداوار ہے بلکہ اسلام آباد اسمبلی و کابینہ میں بیٹھا ہر شخص فارم 47 کے ذیعے آیا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نوازشریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی حکومت پچھلے 35سال سے حکومت میں آرہی ہے، لیکن وہاں پر ترقی کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ساری ترقی ٹک ٹاک اور کاسمیٹکس ترقی ہے، ایک بارش سے پنجاب کی پوری ترقی کا راز کھل گیا اور کاسمیٹکس ترقی پانی میں بہہ گیا۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پاکپتن ہسپتال میں صحت سہولیات کے فقدان سے ایک ہفتہ میں 20بچے جابحق ہو گئے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاؤن خصوصی ڈاکٹر امجد علی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی کی وجہ سے پورے ملک اور خیبر پختونخوا میں ان سے کوئی الیکشن نہیں جیت سکتا، جبکہ مسلم لیگ نون فارم 47 کے ذریعے آئی ہے جو کہ ملک کے ساتھ مذاق ہے۔