• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی، انتہا پسندی کا پھیلاؤ روکنے، قومی بیانیہ کی تشکیل کیلئے ’’قومی پیغام امن کمیٹی‘‘ قائم

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) دہشت گردی اور انتہا پسندی کے پھیلاؤ کو روکنے ، قومی بیانیہ کی تشکیل کیلئے ’قومی پیغام امن کمیٹی کی ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی۔کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر برائےاطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ ہوں گے۔قومی پیغام امن کمیٹی انتہاء پسندی، دہشتگردی کے خاتمے فرقہ واریت، اور نفرت انگیز تقاریر کے لئے قومی سطح پر متفقہ بیانیہ مرتب کرنے کا فریضہ سر انجام دےگی۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ذیلی کمیٹی کی تشکیل کےجاری نوٹیفکیشن کےمطابق کمیٹی میں مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مشائخ، اقلیتوں کے نمائندگان ور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام شامل کیے گئے ہیں۔کمیٹی کے ارکان میں سینیٹر حافظ عبدالکریم، مفتی عبدالرحیم، علامہ عارف حسین واحدی، پیر نقیب الرحمٰن، علامہ محمد حسین اکبر اورڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی شامل ہیں- مولانا طاہر محمود اشرفی، مولانا طیب پنج پیری، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری کمیٹی ارکان کا حصہ ہیں۔ کمیٹی میں اقلیتوں کی نمائندگی بشپ آزاد مارشل، راجیش کمار ہرداسانی اور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کرینگے،صوبائی و علاقائی پیغام امن کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹرز، منظور شدہ مدارس بورڈز کے نمائندگان، وزارت داخلہ اور وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکریٹریز، ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیمات بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید