اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ، نیوز رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی پر پیغام میں کہا کہ آج قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77ویں برسی کے موقع پر ہم پاکستان کے بانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،ایسے عظیم رہنما جن کی غیر معمولی بصیرت، غیر متزلزل عزم، اور اصولی قیادت نے تاریخ کا دھارا بدل دیا، آج ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن قائم کیا، قائداعظم نے صرف ایک ملک قائم نہیں کیا، بلکہ ایک قوم کو اس کی شناخت، عزت اور آزادی سے جینے کا حق دیا، اُن کا خواب ایک ترقی پسند، جامع اور مستقبل کی جانب گامزن ریاست کا تھا،جہاں ہر شہری، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا نسل سے ہو، برابر کے حقوق اور مواقع سے مستفید ہو، قائد اعظم کے وژن پر عمل کر کے ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا ہے کہ پاکستان کی آئندہ آنے والی نسلوں کوقائد اعظم کی تعلیمات و رہنمائی پہنچانا بھی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔