کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کمزوریاں اجاگر کرنا قابل قبول ہے لیکن ایسے حالات میں غیر ضروری تنقید مناسب نہیں، بحران کے وقت منفی سیاست کی مذمت کرتے ہیں، انکی حکومت منتخب نمائندوں اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر دن رات کام کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے، شہری حکومت کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، دریاوں اور نالوں پر تجاوزات شہری سیلاب کی بڑی وجوہات ہیں، دریائے سندھ میں سپر فلڈ کی تیاری کی ہے لیکن تاحال 5 لاکھ کیوسک پہنچا ہے، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں صورتحال سنگین ہے، چیئرمین بلاول بھٹو نے عالمی امدادی اداروں سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی مراد علی شاہ نے میئر کراچی مرتضی وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان مراد کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ رات بھر عوام کی خدمت میں سرگرم رہے۔اس وقت صوبائی وزرا اور انتظامیہ کے اعلی افسران میرے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔مراد علی شاہ نے ملیر میں رات کے دوران چار قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے صبح کے وقت کورنگی کاز وے کے قریب پھنسے کئی افراد کو بچایا۔