کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست یوٹاہ میںقاتلانہ حملے میں صدر ٹرمپ کے ساتھی اور قدامت پسند مبصر چارلی کرک ہلاک ہوگئے۔ چارلی کرک یوٹاہ ویلی یونی ورسٹی میں خطاب کر رہے تھے جب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ان کی گردن میں پیوست ہو گئی جس سے وہ ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے سلسلے میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔گولی لگنے سے چند سیکنڈ پہلے، کرک کو ویڈیو میں امریکا میں ٹرانس جینڈر حملہ آوروں کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ انہیں ایک طالب علم گروپ نے بات کرنے کے لیے بلایا تھا جب کیمپس کی ایک عمارت سے تقریباً 200 گز کے فاصلے سے ایک گولی چلائی گئی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرک کی صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل کی تھی۔ صدر نے اس سے قبل گزشتہ سال کے صدارتی انتخابات میں نوجوان ووٹروں میں اپنی کامیابی کے لیے کرک کی تعریف کی تھی۔