کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر کے خلاف وکلا کی جانب سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بنانے کی تجویز قبول کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سینئر وزیر بہت جلد تمام فریقین کے ساتھ اجلاس طلب کریں گے اور منصوبے میں تیزی لانے کے لئے حکمت عملی بنائی جائے تاکہ منصوبے پر کام جاری رہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس عبدالرحمٰن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کفیل احمد عباسی کو ہدایت کی ہے کہ اجلاس کی ہونے والی کارروائی کی رپورٹ سمیت 2 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہوں۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل عمر میمن اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل لیگل کنسلٹنٹ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ یار محمد کے ہمراہ فاضل بنچ کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت مدعا علیہان کے وکلا نے تجویز پیش کی کہ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی جائے جو غیر ضروری تاخیر کا سد باب کر سکے اور منصوبے کی تعمیر میں تیزی لانے کی حکمت عملی بنائے جس پر فاضل بنچ نے رضامندی ظاہر کی اور کہا کہ توقع ہے سینئر وزیر، درخواست گزار اور فریقین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کریں گے اور مشاورت سے مسائل کے حل کے لئے بہتر حکمت عملی اور کام میں تیزی لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ سماعت کے موقع پر بیرسٹر صلاح الدین احمد نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرایا۔