• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمیرا اصغر کی حتمی میڈیکو لیگل رپورٹ، کپڑوں پر خون کے نشانات

کراچی ( ثاقب صغیر ) ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی حتمی میڈیکولیگل رپورٹ میں حمیرا اصغر کے کپڑوں پر خون کے دھبے پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے،حمیرا اصغر کے فلیٹ سے مردانہ جیکٹ بھی ملی ہے جس پر سیمن کا نشان ملا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق متوفیہ کی ٹی شرٹ اور ٹراؤزر پرخون کے نشانات موجود تھے۔میڈیکولیگل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خون کے دھبوں سے ناکافی انسانی ڈی این اے ملا جبکہ حمیرا کی لاش مکمل نہیں تھی اور مسخ شدہ لاش کی صرف ہڈیاں برآمد ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق تمام ہڈیاں صحیح سلامت تھیں تاہم مکمل جسمانی اعضاء نہ ملنے کے باعث موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کے بال، جگر اور پھپڑوں سے لئے گئے نمونوں کے مطابق میڈیکل جانچ کے دوران حمیرا کے لاش سے کسی قسم کے نشہ آور، بے حوشی یا زہریلے مادے کے شواہد نہیں ملے۔ شرٹ پر لگے خون کے دھبوں کی تصدیق کی گئی ہے کہ وہ انسانی خون کے ہیں۔اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کے جسم کے اعضاء تحلیل ہو چکے تھے اس لیے وجہ موت کا پتا نہیں چل سکا تھا۔انہوں نے بتایا کہ حمیرا اصغر کے فلیٹ میں واقع کمرے میں ایک مردانہ جیکٹ لٹکی ہوئی ملی تھی جس میں سیمن کا نشان تھا، اس کے علاوہ فلیٹ سے کوئی ایسی چیز نہیں ملی تھی جس سے وجہ موت کا پتا چل سکے۔انہوں نے بتایا کہ لاش جب تحلیل ہونا شروع ہوئی تو اس میں کیڑے پڑے ہوئے تھے ،کمرے سے ملنے والی مردانہ جیکٹ پر باقاعدہ کوئی خون کا نشان نہیں تھا بلکہ سیمن اسپاٹنگ تھی جو مائیکرو اسکوپ سے ہی دیکھی جا سکتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید