• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ٹی ڈی سندھ کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب ریٹائر ہو گئے

کراچی( ثاقب صغیر )سی ٹی ڈی سندھ کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب ریٹائر ہو گئے۔10مارچ 1990کو سندھ پولیس میں بطور اے ایس آئی بھرتی ہونے والے راجہ عمر خطاب کا کیرئیر کئی کامیابیوں سے مزین ہے۔انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے نہ صرف ادارے کا وقار بلند کیا بلکہ دہشت گردی اور سنگین جرائم کے خاتمے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔راجہ عمر خطاب نے شہر میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورکس کو توڑنے میں اپنی ایک منفرد اور ممتاز شناخت بنائی ۔راجہ عمر خطاب کو ستارہ شجاعت، تمغہ شجاعت ،صدارتی پولیس میڈل( پی پی ایم ) اور قائد اعظم پولیس میڈل ( کیو پی ایم ) سے بھی نوازا گیا۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ان کی پہلی پوسٹنگ تھانہ گذری میں ہوئی۔اس کے علاوہ وہ نیو کراچی ، سی آئی اے، اسپیشل برانچ ، اے ٹی ڈبلیو، اے سی ایل سی ، سیکورٹی سیل اور ایس آئی سی میں تعینات رہے۔ان کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ وہ وقت ہے جو میں نے سی ٹی ڈی میں گزارا۔میرے دعا ہے کہ میرا یہ شہر ہمیشہ آباد رہے ۔راجہ عمر خطاب آؤٹ آف ٹرن پروموشن کے ذریعے ایس ایس پی کے عہدے تک پہنچے تاہم بعد ازاں عدالتی حکم پر ان تمام افسران کی تنزلی کر دی گئی جس کے بعد وہ ڈی ایس پی کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔
اہم خبریں سے مزید