پاکستان کی سینئر اداکارہ اور مقبول فنکارہ اسماء عباس نے کہا ہے کہ بڑی عمر میں اگر کسی کو محبت ہو تو اسے معیوب کیوں سمجھاتا ہے، کیا بڑی عمر میں کسی کو محبت یا کسی کی شادی نہیں ہوسکتی؟
حال ہی میں سینئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور کیریئر کے حوالے سے کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ اب اسکرین پر کم کم کیوں دکھائی دے رہی ہیں۔
دورانِ شو میزبان نے سوال کیا کہ شادی کے بعد آپ نے شوبز انڈسٹری سے کئی برس تک کنارہ کشی اختیار کی تو اس وقت زندگی میں کچھ کمی محسوس ہوئی ہوگی؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت مجھے اتنا محسوس نہیں ہوا لیکن اب جب اس عمر میں آنے کے بعد دوبارہ کام شروع کیا ہے تو اب نہیں چھوڑوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اب کام چھوڑوں گی لیکن اگر میں کم کام کروں تو یہ میری اپنی مرضی ہے کیونکہ اب میں ایک ہی چیز کرتے کرتے تھک گئی ہوں، مختلف کرداروں کی پیشکش ہو تو میں کروں ورنہ مجھے گھر داری میں مزاہ آتا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں تو صرف والدین کے کرداروں کی پیشکش ہوتی ہے۔ ایسے موضوعات یا کہانیوں پر ڈرامے نہیں بنتے جس کی کہانی کا مرکز بڑی عمر کے افراد ہوں۔
انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عمر میں بھی محبت اور شادی ہوتی ہے، کیا بشریٰ انصاری اور ثمینہ احمد نے اس عمر میں شادی نہیں کی؟ کیا اس طرح کی کہانیاں ہم اپنے ڈراموں میں نہیں دیکھا سکتے؟
انہوں نے کہا کہ بڑی عمر کے لوگوں کے لیے بھی کہانیاں بنائی جا سکتی ہیں لیکن ایسی کہانیاں شاز و نادر ہی دکھائی دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ بڑی عمر کے افراد صرف پریشان ہی رہتے ہیں بلکہ ہم بھی کافی خوش مزاج اور خوشحال رہتے ہیں۔ بڑی عمر کے لوگوں کے پاس زندگی کا وسیع تجربہ ہوتا ہے، ان کی زندگیوں پر بھی مرکوز ڈرامے بنائے جاسکتے ہیں۔