• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ متحرک رہنے کیلئے کافی پیتے ہیں؟ اس میں چھپے نقصانات بھی جان لیں

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

روزمرہ کی روٹین میں تھکن اور توانائی کی کمی ایک عام مسئلہ ہے، اکثر لوگ دن کا آغاز تو بھرپور توانائی کے ساتھ کرتے ہیں مگر دوپہر یا شام تک اچانک تھکن اور بے دلی محسوس کرنے لگتے ہیں، یہ ناصرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی سکون اور جذباتی توازن پر بھی اثرانداز ہوتا ہے۔ 

مسلسل تھکن کا شکار رہنا کام یا پڑھائی پر توجہ مرکوز کرنے میں رکاوٹ ڈالتی ہے جس سے ذہنی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

توانائی میں کمی کو دور کرنے کے لیے زیادہ تر لوگ کافی کا سہارا لیتے ہیں مگر ماہرین کے مطابق یہ عادت بعض اوقات فائدے کے بجائے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

کافی سے توانائی: وقتی فائدہ یا مستقل نقصان؟

کافی میں موجود کیفین وقتی طور پر چُستی اور دماغ کو جگائے رکھنے کی کیفیت پیدا کرتی ہے مگر اس پر حد سے زیادہ انحصار مختلف مسائل کا سبب بنتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آفس کے اوقات میں یا پڑھائی کے دوران انرجی لیولز بڑھانے کے لیے بار بار کافی پینا نقصان دہ عمل ہے کیونکہ یہ آپ کو اس پر انحصار کرنے پر مجبور کر دیتا ہے، جسم کی فطری بیداری کو متاثر کرتا ہے اور نیند کے معمولات کو خراب کرتا ہے، وقت گزرنے کے ساتھ یہ تھکن، بے چینی اور عدم توجہ کا باعث بنتا ہے اور آپ میں مزید کیفین کی طلب بڑھ جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق زیادہ کیفین لینے سے بلَڈ پریشر میں اضافہ، دل کی دھڑکن تیز ہونا، ہاضمے کے مسائل، پانی کی کمی، بے چینی اور غذائی اجزاء کے جذب میں رکاوٹ جیسی شکایات پیدا ہوسکتی ہیں، طویل دورانیے میں یہ جسمانی اور ذہنی صحت دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

توانائی بڑھانے کے قدرتی طریقے:

ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار، متوازن غذا جس میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور صحت مند فیٹس شامل کریں، جسمانی سرگرمیاں اپنانا توانائی بڑھانے کے قدرتی ذرائع ہیں۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ دن کے دوران مختصر نیند (پاوَر نیپ) لینا، مراقبہ کرنا اور کافی کے بجائے گرین ٹی استعمال کرنے سے زیادہ پائیدار اور بہتر توانائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

دن بھر توانائی برقرار رکھنے کے لیے چند تجاویز

ماہرین کا کہنا ہے کہ انرجی لیولز کا لو رہنا اگرچہ ایک عام مسئلہ ہے لیکن چند سادہ اور صحت مند عادات اپنا کر آپ ناصرف دن بھر متحرک رہ سکتے ہیں بلکہ اپنی مجموعی جسمانی اور ذہنی صحت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔

ہر رات 7 سے 9 گھنٹے کی پُرسکون نیند لیں اور نیند کا باقاعدہ شیڈول بنائیں۔ دن بھر زیادہ پانی پئیں کیونکہ پانی کی کمی تھکن کا باعث بنتی ہے۔ پھل، سبزیاں، دالیں، دلیہ، گوشت اور صحت مند چکنائیاں استعمال کریں تاکہ توانائی مستقل ملے۔

ہلکی پھلکی ورزش یا روزانہ چہل قدمی ناصرف توانائی بڑھاتی ہے بلکہ موڈ کو بھی بہتر بناتی ہے۔ ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے مائنڈ فُلنیس، مراقبہ یا یوگا جیسے طریقے اپنائیں۔

چینی اور ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کا استعمال محدود کریں تاکہ اچانک توانائی کی کمی سے بچ سکیں۔

صحت سے مزید