چارلی کرک امریکا میں قدامت پسند سماجی کارکن اور میڈیا کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے، وہ صدر ٹرمپ کے قابلِ اعتماد اتحادی تھے۔
18 سال کی عمر میں چارلی کرک نے ایک غیر منافع بخش قدامت پسند وکالت گروپ ’ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے‘ کی بنیاد رکھی۔
چارلی کرک کا یہ گروپ ملک کی سب سے بڑی قدامت پسند نوجوانوں کی تحریک میں پروان چڑھا اور چند ہی برسوں کے دوران وہ ٹرمپ کے حامی اور اثر و رسوخ رکھنے والوں کے نیٹ ورک کا ایک مرکزی کھلاڑی بن گئے۔
اِنہیں اکثر ’میک امریکا گریٹ اگین‘ تحریک کا چہرہ بھی کہا جاتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اکثر کرک کے سر پر 2024ء کی صدارتی مہم کے دوران بہت سے نوجوان ووٹرز کو اِن کے حق میں سامنے لانے کا سہرا باندھا۔
چارلی کرک ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے قریبی دوست بھی تھے، اِن دونوں نے جنوری میں ایک ساتھ گرین لینڈ کا سفر بھی کیا تھا۔
چارلی کرک کے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر 5.5 ملین فالوورز تھے۔
کرک نے اپنی مقبول پوڈ کاسٹ، سوشل میڈیا پر متحرک رہنے اور کتابوں کے ذریعے بھی خوب شہرت حاصل کی، اِن کی جانب سے 2020ء میں لکھی گئی کتاب The MAGA Doctrine کو خوب پزیرائی ملی تھی۔