• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوحہ پر اسرائیلی حملے نے خلیجی ممالک میں امریکا پر اعتماد متزلزل کر دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

دوحہ میں اسرائیلی حملے نے ناصرف قطر کو جھنجھوڑ دیا ہے بلکہ خلیجی ممالک کا امریکا پر اعتماد بھی متزلزل کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا میں شائع ہونے والے تجزیے کے مطابق چھوٹے خلیجی ملک قطر کو یہ یقین تھا کہ امریکی اتحادی ہونے، اربوں ڈالر کے معاہدے کرنے اور خطے میں سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے کی میزبانی کے باعث وہ محفوظ ہے لیکن دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے نے یہ وہم توڑ دیا ہے۔

قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے اس حملے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے یرغمالیوں کی رہائی اور امن کے امکانات کو ختم کر دیا ہے۔

انہوں نے نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ہر بین الاقوامی قانون توڑ دیا ہے، یہ حملہ امریکا اور اس کے خلیجی اتحادیوں کے درمیان اعتماد کو جھنجھوڑنے والا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، قطر اور عرب امارات نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران تین کھرب ڈالر کے معاہدے کیے تھے مگر اسرائیلی حملے نے ان سیکیورٹی گارنٹیوں پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

قطر کے وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ اگرچہ قطر نے غزہ میں ثالثی کا دروازہ بند نہیں کیا مگر مذاکراتی عمل اب تعطل کا شکار ہے۔

دوسری جانب خطے کے دیگر ممالک، مصر، عمان، امارات اور سعودی عرب بھی امریکا کے ردِعمل پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ اس تاثر کو مزید تقویت دیتا ہے کہ اسرائیل امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید