دبئی (نمائندہ خصوصی) بھارت نواز آئی سی سی اینڈی پائی کرافٹ کے کیس پر ڈٹ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ، نیوزی لینڈ کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف ایکشن کا پاکستانی مطالبہ مسترد کردے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ کے میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کو بتادیا تھا کہ میچ میں ہینڈ شیک نہیں ہوگا۔ لیکن انہوں نے یہ بات ایشین کرکٹ کونسل کو بتانے سے گریز کیا تھا۔ اے سی سی چیف نے میچ کے بعد ڈائریکٹر عثمان واہلہ کو خط لکھنے کی ہدایت کی تھی لیکن عثمان واہلہ کا خیال تھا کہ وہ رچی رچرڈسن کو پاکستان کے میچوں میں تعینات کرادیں گے اور اینڈی پائی کرافٹ کو ابوظبی کے میچوں میں تعینات کیا جائے گا لیکن آئی سی سی نے یہ تجویز مسترد کردی۔ تاخیرکی وجہ سے عثمان واہلہ کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب پاکستان کے خلاف ایشیا کپ میچ میں تمام اخلاقیات اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی توہین کرنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم تنقید کی زد میں ہے ۔ بھارت انٹرنیشنل کرکٹ تو کھیلتا ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کو کسی خاطر میں نہیں لاتا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ’’اسپرٹ آف کرکٹ‘‘ آئی سی سی قوانین شامل ہے جس کے مطابق میچ کے بعد مخالف ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد ینا، ہاتھ ملانا، امپائروں اور مخالف ٹیم کا شکریہ ادا کرنا ہوتا ہے۔ کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.1.1 میں لکھا ہے کہ ایسا رویہ جو اسپرٹ آف گیم کے خلاف ہو لیول 1 کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔ اگرچہ آئی سی سی کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، لیکن اسے اسپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ آئی سی سی کپتان پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ تاہم ایسے معاملات میں جرمانے زیادہ نہیں ہوتے۔