کراچی (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر2 مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے31 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق13 اور14 ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں2 مختلف کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے31 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے خوراج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ لکی مروت میں دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد14 بھارتی پراکسی یافتہ خوارج کو ہلاک کیا گیا۔