• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میچ کے بعد ہاتھ ملانا خیرسگالی ہے، قانون نہیں، بی سی سی آئی عہدیدار

دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ میں ہینڈ شیک نہ کرنے پربھارتی بورڈ کے ایک سینئرعہدیدار کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، کرکٹ کے قوانین میں کہیں بھی یہ لازمی نہیں لکھا کہ میچ کے بعد کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے۔ ٹاس اور میچ کے اختتام پر ہاتھ ملانا محض ایک خیرسگالی کے اظہار کی روایت ہے ۔ قانون میں اس کی وضاحت نہیں تو بھارتی ٹیم اس کی پابند بھی نہیں۔ دوسری جانب ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹرزسوشل میڈیا پر ٹرولنگ سے بچنے کیلئے دبئی میں پریکٹس کے دوران پاکستانی نیٹ بولرز کے ساتھ رابطے اور تصاویر لینے سے بھی ہچکچا رہے ہیں ۔ چند روز قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی ایشین کرکٹ کونسل اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ ہاتھ ملانے کی تصویر وائرل ہوئی، جس پر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے شدید ردعمل دیا۔ دبئی میں بھارتی ٹیم کو مختلف کلبس کے کھلاڑی پریکٹس کراتے ہیں، بھارتی ٹیم انتظامیہ نے ان پر پابندی لگا دی ہے کہ وہ اپنے اسمارٹ فونز سے پلیئرز کی تصویر نہ لیں۔ بھارتی ٹیم انتظامیہ ان کے اور پریکٹس کرانے والے پلئیرز کے اسمارٹ فونز اپنے قبضے میں لے لیتی ہے اور پریکٹس کے بعد واپس کرتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پاکستانی نیٹ بولرز کے ساتھ تصاویر یا دوستانہ گفتگو سے اجتناب کریں۔ آئی سی سی اکیڈمی کے ذرائع کے مطابق نیٹ سیشن میں پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت کے بولرز شامل ہوتے ہیں، ماضی میں تصاویر لینا معمول کی بات رہی ہے۔

اسپورٹس سے مزید