دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے اسپرٹ آف دی گیم کو نظرانداز کرنے پر پاکستانی ردعمل پر پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی تعریف کردی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کی بنیاد انصاف، احترام اور کھیل کی روح پر رکھی گئی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کھیل کی حرمت قائم رکھنے اور آئی سی سی سے غیر جانبدارانہ رویے کا مطالبہ کرکے بالکل درست مؤقف اپنایا ہے۔ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کو شفافیت کے ساتھ حل کرنا ناگزیر ہے تاکہ کرکٹ کی ساکھ پر کوئی حرف نہ آئے ۔