کراچی (نیوز ڈیسک) سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ ہمارا چاند زمین سے مسلسل دور ہو رہا ہے، اور یہ عمل اربوں سال سے جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق چاند ہر سال زمین سے تقریباً 3.8؍ سینٹی میٹر دور جا رہا ہے۔ بظاہر یہ رفتار بہت کم لگتی ہے، لیکن جب اسے لاکھوں اور کروڑوں سال پر محیط کیا جائے تو نتائج حیران کن ہو سکتے ہیں۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق، یہ عمل اس لیے ہوتا ہے کہ چاند اور زمین کے درمیان کششِ ثقل کی طاقت ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتی ہے۔ زمین کی گردش کے دوران جو سمندری لہریں (tides) پیدا ہوتی ہیں وہ دراصل چاند کو آہستہ آہستہ زمین سے دور دھکیل رہی ہیں۔ جیسے جیسے چاند پیچھے ہٹتا ہے، زمین کی گردش بھی سست ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رفتار جاری رہی تو تقریباً ڈیڑھ ارب سال بعد زمین کا دن 25گھنٹے طویل ہو جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دن اور رات کے چکر آج کی نسبت زیادہ لمبے ہو جائیں گے۔ تحقیقات یہ بھی بتاتی ہیں کہ زمین اور چاند کا یہ کششی رشتہ ہمیشہ برقرار نہیں رہے گا۔