دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے اننگز اوپن کرنے والے صائم ایوب کو ایشیا کپ میں پہلے رن کا انتظار ہے۔ وہ متحدہ عرب امارات کے خلاف بھی صفرپر آؤٹ ہوئے اس سے قبل عمان اور بھارت کے خلاف بھی کوئی رن نہیں بناسکے تھے۔ البتہ اتنی بہتری ضرور ہوئی ہے کہابتدائی دو میچوں میں وہ گولڈن ڈک پر پویلین لوٹے اور تیسرے میچ میں دو سری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025 میں ایک بار پھر ناکام ہوتے ہوئے مسلسل تیسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ وہ چھٹے میچ میں چوتھی بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ شارجہ میں افغانستان کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے امارات کے خلاف 11 اور افغانستان کے خلاف17 رنز بنائے تھے۔ ناقص بیٹنگ فارم کی وجہ سے صائم ایوب کو شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب زیادہ مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ پاکستان کے عبداللہ شفیق کے پاس ہے جو مسلسل 4 اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔