• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین کی سپر کارکردگی، پاکستان ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں، امارات کو زیر کرلیا

دبئی (عبدالماجد بھٹی) ایشیا کپ میں شاہین کی سپر کارکردگی کی بدولت پاکستان نے سپر فورمیں جگہ بنالی۔ان کا حصہ برق رفتار 29رنز اور دوکٹ رہا۔پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر بڑا اسکورنہ کرسکی، لیکن شاندار بولنگ کی بدولت متحدہ عرب امارات کو41 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے تین میں سے دو میچ جیتے۔ امارات اور عمان کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔ بدھ کو 146 کے جواب میں اماراتی ٹیم 105رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شاہین آفریدی 16، حارث رؤف 19اورابرار احمد نے 13رنز دے کر دو، دو وکٹ حاصل کئے۔ صائم اور سلمان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ امارات نے اننگز کا آغاز تیز رفتاری سے کیا پہلی وکٹ پر21رنز بنے۔ علی شان شرفو8 گیندوں پر12رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کپتان محمد وسیم نے 15گیندوں پر14رنز بنائے۔ محمد زوہیب چار رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دس اوورز میں61رنز پر تین وکٹ گرے تھے۔ حارث رؤف نے اپنے دوسرے اسپیل میں پراشر کو فارغ کیا،انہوں نے23گیندوں پر20رنز بنائے۔ ڈینجر مین آصف خان صفر پر ابرار احمد اور راہول چوپڑا 35 رنز35 گیندوں پر بناکر سلمان علی آغا کا شکار بنے۔ ہرشت کو صفر پر شاہین نے کیپر کا کیچ بنایا۔ قبل ازیں امارات نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ کمزور حریف اور ناتجربہ کار بولنگ کے خلاف پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا، فخر زمان کی نصف سنچری اور شاہین شاہ آفریدی کے برق رفتار 29رنز ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 146رنز تک پہنچی ۔ فخر زمان نے 36 گیندوں پر 50رنز 2 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے بنائے ، شاہین شاہ آفریدی نے ایک بار پھر پاکستانی کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور مشکل صورتحال میں 14گیندوں پر 3چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 29رنز کی برق رفتاراننگز کھیلی۔ آؤٹ آف فارم صائم ایوب ایک بار پھر صفر، صاحب زادہ فرحان 5 اور کپتان سلمان علی آغا 20، حسن نواز 3 ، خوشدل شاہ اور محمد نواز4،4رنز ہی بناسکے، محمد حارث 14 گیندوں پر 18رنز بنا کر جنید صدیقی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ جنید صدیق نے 18رنز کے عوض 4 جب کہ سمرنجیت سنگھ 3وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کرکے صفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو کھلایا۔

اسپورٹس سے مزید