پشاور(جنگ نیوز) خیبر پختونخوا کے تمام سیاحتی مقامات پر قدرتی حسن و جمال کی بحالی کے لیے ایک جامع اور مربوط صفائی پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے۔ کوڑے کرکٹ کی سائنسی تلفی اور ری سائیکلنگ کے جدید نظام کے ذریعے ان پرفضا وادیوں کی دلکشی اور رعنائیاں دوبارہ اجاگر کی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین خان گنڈاپور کے سیاحتی ویژن کو عملی شکل دیتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے سیاحتی مقامات کے لیے خصوصی گڈ گورننس روڈ میپ تیار کیا ہے، جس میں صفائی ستھرائی اور ماحول دوست اقدامات کو بنیادی ترجیح دی گئی ہے۔محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں متعدد منصوبے تشکیل دیے ہیں، جن کا آغاز گلیات سے ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ گلیات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت وادیوں سے کچرے کی باقاعدہ اٹھان، محفوظ تلفی اور ری سائیکلنگ کے مربوط نظام کو رائج کیا جا رہا ہے تاکہ گلیات کو بین الاقوامی معیار کے تفریحی اور سیاحتی مرکز کے طور پر اجاگر کیا جا سکے۔سیکرٹری ثقافت، سیاحت و آثار قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر اضافی ہیلپ ڈیسک اور سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات میں بھی نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے بعد اس ماڈل کو مرحلہ وار ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے تمام سیاحتی مقامات تک وسعت دی جائے گی، تاکہ سیاح فطری خوبصورتی سے محظوظ ہوں اور مقامی کمیونٹی کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلیات کی تمام وادیوں کی اراضی کے استعمال کی منصوبہ بندی تکمیل کے قریب ہے اور پورے ریجن کے لیے ایک جامع ماسٹر پلان بہت جلد شروع کیا جائے گا۔