• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر این ٹی آر اشتہار کی شوٹنگ کے دوران زخمی

تیلگو اداکار جونیئر این ٹی آر—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
تیلگو اداکار جونیئر این ٹی آر—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

تیلگو اداکار جونیئر این ٹی آر اشتہار کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے جس کے بعد وہ 2 ہفتے کے لیے آرام کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تیلگو اسٹار جونیئر این ٹی آر آج ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران معمولی زخمی ہوئے ہیں، جس کی تصدیق ان کی ٹیم نے ایک بیان میں کی۔

اداکار کی ٹیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جونیئر این ٹی آر کام دوبارہ شروع کرنے سے پہلے صحت یاب ہونے کے لیے کچھ آرام کریں گے۔

یہ بیان اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کے بعد آیا ہے جن میں اداکار کی چوٹ کی مختلف نوعیت و وجوہات بیان کی گئی تھیں۔

جونیئر این ٹی آر کی ٹیم نے بیان میں کہا ہے کہ این ٹی آر آج ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران معمولی زخمی ہو ئے ہیں، ڈاکٹروں کے طبی مشورے پر وہ مکمل صحت یابی کے لیے اگلے چند ہفتوں تک آرام کریں گے، بہت سے دعوؤں کے برعکس ان کی حالت بہتر ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ان کی حالت مستحکم ہے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے، ہم مداحوں، میڈیا اور عوام سے خلوصِ دل سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی قیاس آرائی سے گریز کریں۔

اس بیان میں اداکار کی چوٹ کی نوعیت، ان کے آرام اور صحت یابی کے حوالے سے مخصوص وقت کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

جونیئر این ٹی آر نے حال ہی میں دبلے پتلےنظر آ کر مداحوں کو حیران کر دیا تھا، اگرچہ کچھ مداح ان کے وزن میں غیر معمولی کمی کے بارے میں فکر مند تھے، تاہم اداکار کے فٹنس ٹرینر کمار مناوا نے ان خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار نے اپنی اگلی فلم ڈریگن کی تیاری کے لیے دبلا پتلا انداز اپنایا ہے، اب یہ بات غیر یقینی ہے کہ آیا اداکار کی چوٹ اور آرام کے باعث ڈریگن کی شوٹنگ متاثر ہو گی یا نہیں۔

جونیئر این ٹی آر کو حال ہی میں فلم ’وار 2‘ میں دیکھا گیا تھا، جس سے بالی ووڈ میں ان کا آغاز ہوا ہے، ایان مکھرجی کی اس فلم میں ان کا مقابلہ ریتک روشن سے تھا۔

یہ فلم 400 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کے بھاری بجٹ سے بنائی گئی، لیکن باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی، فلم نے دنیا بھر میں 364 کروڑ بھارتی روپے کمائے، جس میں بھارت بھر سے ہوئی 236 کروڑ روپے کی آمدنی بھی شامل ہے، جبکہ اس فلم کو ناقدین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید