• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس اضافہ، میئر، کے الیکٹرک سمیت وفاق سے جواب طلب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر میئر کراچی ، کے الیکٹرک سمیت وفاق سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو بجلی کے بل میں شامل میونسپل ٹیکس میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے گزشتہ برس ٹیکس کے نفاذ کی مشروط اجازت دی تھی۔ ٹیکس نافذ یا اضافے کے لئے کونسل کی اجازت ضروری ہے۔ میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے کونسل کی اجازت کے بغیر ٹیکس میں غیرقانونی اضافہ کیا۔ لہذا مذکورہ ٹیکس میں اضافہ غیر قانونی قرار دیا جائے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ یہ درخواست تو نمٹا دی گئی تھی۔ درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد نہ کرنے پر نئی درخواست دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے اپوزیشن کی مشاورت سے ٹیکس کے نفاذ کا حکم دیا تھا۔ میئر کراچی نے مشاورت کئے بغیر بجلی کے بل کے ذریعے ایم یو سی ٹی کا نفاذ کیا۔ ٹیکس میں بغیر مشاورت اور کونسل کی منظوری 150 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید