بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح سے ملاقات کا دعویٰ کرنے والے سینئر اداکار فیصل رحمٰن کا کہنا ہے کہ مجھے شاہ رخ خان عامر خان سے زیادہ پسند ہے، کیونکہ وہ اپنا منجن بہت اچھے طریقے سے بیج رہا ہے۔
حال ہی میں سینئر اداکار نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دورانِ انٹرویو میزبان نے اداکار سے بھارتی کنگ خان سے ملاقات کا احوال دریافت کیا۔
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان سے ایک مرتبہ ملاقات ہوئی، وہ لندن میں جس بلڈںگ میں رہتا تھا اسی بلڈنگ میں میرا دوست بھی رہتا تھا۔ میرا دوست شاہ رخ خان کو ان کے فلیٹ سے نیچے لے کر آیا۔
فیصل رحمٰن کا اتنا کہنا تھا کہ میزبان نے حیران ہو کر پوچھا کہ آپ کا دوست شاہ رخ خان کو ان کے فلیٹ سے نیچے لے آیا؟ جس پر فیصل رحمٰن نے کہا کہ اس میں اتنا حیران ہونے والی کیا بات ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان کیا ہے، آپ کی اور میری طرح ہی تو ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ شاہ رخ خان کوئی عام شخصیت ہے لیکن وہ ایک عام انسان ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں شاہ رخ خان کو پسند نہیں کرتا بلکہ مجھے شاہ رخ خان تو عامر خان سے بھی زیادہ پسند ہے، کیونکہ وہ اپنا منجن بہت اچھے طریقے سے بیج رہا ہے۔
فیصل رحمٰن نے کہا کہ اچھی بری اداکاری کچھ نہیں ہوتی، میں یہاں اداکاری کی بات نہیں کر رہا۔ یہاں اصل بات یہ ہے کہ آپ جو اسکرین پر دیکھا رہے ہیں اور کیا اس کے ذریعے آپ لوگوں کے دل میں جگہ بنا رہے ہیں یا نہیں، اگر آپ لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا رہے ہیں تو آپ کامیاب ہیں۔ اصل چیز لوگوں سے جڑنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بھی کوئی کہتا ہے کہ آپ کمال کے اداکار ہیں تو میں یہی کہتا ہوں کہ کمال اداکاری میں نہیں ہے بلکہ مجھے پتہ ہے کہ لوگوں کو کیا پسند ہے اور کیا نہیں۔
انہوں نے بھارتی اداکار سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے مزید کہا کہ شاہ رخ نیچے آیا تو وہاں کچھ مراکش خواتین بھی تھی، انہوں نے بھی انہیں پہچان لیا، اس کے بعد وہ 2 سے 3 منٹ تک وہیں رکا ہم سے ملاقات کی اور پھر اپنے فلیٹ میں چلا گیا۔