• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اطالوی گلوکار فیڈیز نے جینک سنر کو ہٹلر سے تشبیہ دینے پر معافی مانگ لی

اطالوی ریپر فیڈیز اور ٹینس اسٹار جینک سنر—فائل فوٹوز
اطالوی ریپر فیڈیز اور ٹینس اسٹار جینک سنر—فائل فوٹوز

اطالوی گلوکار فیڈیز نے اپنے گانے میں ٹینس اسٹار جینک سنر کو ہٹلر سے تشبیہ دینے پر معافی مانگ لی۔

اطالوی ریپر فیڈیز نے اپنے گانے کے بول پر معافی مانگی ہے جن میں انہوں نے ٹینس اسٹار جینک سنر کے بارے میں کہا تھا کہ وہ ایڈولف ہٹلر کے لہجے میں بولتے ہیں، ان الفاظ پر گلوکار پر نسلی منافرت پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

فیڈیز نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی تھی جس میں ایک نئے گانے کی لائن شیئر کی تھی جس میں اطالوی زبان میں کہا گیا تھا کہ اطالیہ کا نیا ہیرو جینک سنر ہے، جو خالص اطالوی خون اور ایڈولف ہٹلر جیسے لہجے کا حامل ہے۔

یہ جملہ اطالوی صوبے آلٹو آڈیجے کے جرمن بولنے والے علاقے بولزانو سے تعلق رکھنے والے جینک سنر کی طرف اشارہ تھا۔

اس گانے کے الفاظ پر بولزانو کی سٹی کونسل کے رکن نے جمعرات کو پراسیکیوٹرز کے پاس باقاعدہ شکایت درج کرائی تھی، جس میں گلوکار پر اٹلی کے قوانین کے تحت نسلی منافرت اور پروپیگنڈا پھیلانے کے الزامات لگائے گئے تھے۔

فیڈیز نے اس حوالے سے میلانو میں ایک کنسرٹ کے دوران وضاحت دیتے اور معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ایک تضاد کو بیان کرنے کی کوشش کی تھی کہ وہ کھلاڑی جو اٹلی میں پیدا ہوئے اور پروان چڑھے لیکن اکثر ان کی جلد کے رنگ کی وجہ سے انہیں اطالوی تسلیم نہیں کیا جاتا اور میں یہ بات اٹلی کے سب سے بڑے کھلاڑی پر لاگو کرنا چاہتا تھا۔

گلوکار فیڈیز نے کہا کہ میں یہ پیغام ٹھیک طریقے سے نہیں دے سکا، اگر اس سے غلط فہمی پیدا ہوئی ہے تو یہ اس گانے کے مصنف یعنی میری غلطی ہے اور میں اس کی مکمل ذمے داری قبول کرتا ہوں۔

سٹی کونسل ممبر جوزفے مارٹوچی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ خالص خون کا اطالوی حوالہ 1930ء کی دہائی کے اطالوی فاشسٹ پروپیگنڈے کی یاد دلاتا ہے، اس کے ساتھ ہٹلر کا حوالہ ناقابلِ قبول ہے، میرا فرض تھا کہ میں آئین کی بنیادی اقدار کا دفاع کروں، ہم عوامی شخصیات کو یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ نسل پرستی اور نفرت کو عام کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ 2 سال میں ٹینس میں 4 گرینڈ سلم ٹائٹل جیت کر جینک سنر اٹلی کے فٹ بال کے اسٹارز کو پیچھے چھوڑ کر ملک کے سب سے مشہور کھلاڑی بن گئے ہیں، وہ حال ہی میں یو ایس اوپن کے فائنل میں اسپین کے کارلوس الکاریز سے ہار گئے تھے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جینک سنر کو اس احساس کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ وہ مکمل طور پر اطالوی نہیں ہیں، اس سے قبل ستمبر 2023ء میں جب انہوں نے ڈیوس کپ میں اٹلی کی نمائندگی سے انکار کیا تھا تو ان پر سخت تنقید ہوئی تھی، جبکہ جنوری 2024ء میں جب سنر نے آسٹریلین اوپن جیتا تو پورے ملک میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا، انہیں قومی ہیرو سمجھا گیا اور اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے ان سے ملاقات کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید