• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، بنگلہ دیش کی حیران کن بیٹنگ، سری لنکا کو شکست

دبئی(عبدالماجد بھٹی)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے حیران کن بیٹنگ کرتے ہوئےسری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4وکٹ سے شکست دے دی میچ کا فیصلہ ایک گیند پہلے ہوا۔سابق چیمپئن ٹیم کے بولر بڑے اسکور کا دفاع نہ کرسکے۔ہفتے کی شب بنگلہ دیش کے سیف حسن اور توحید نے نصف سنچریاں بنائیں۔شمیم حسین14اورنسیم احمد ایک رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔جواب میں پانچویں گیند پر تنزید کو توشارا نے بولڈ کردیا۔پاور پلے کے چھ اوورز میں59رنز ایک وکٹ پر بنے۔کپتان لٹن داس 16گیندوں پر23رنز بناکر ہسرنگا کا شکار بنے۔ لٹن داد بنگلہ دیش کی جانب سے اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ 2556رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔لٹن داس اور سیف نے دوسرے وکٹ پر59رنز34 گیندوں پر بنائے۔اوپنر سیف حسن نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے45گیندوں پر61رنز بنائے۔انہوں نے چار چھکے اور دو چوکے مارے۔ توحید اور سیف کی شراکت میں54رنز بنے۔توحید ریدائے نے31گیندوں پر50رنز بنائے۔ وہ37 گیندوںپر54رنز بناکر چامیرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔جاکر علی نے9رنز اسکور کئے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔پہلی وکٹ پر44رنز کے آغاز کے بعد سری لنکا نے بڑا اسکور بنایا۔داسن شناکا نے شاندار 64 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی،انہوں نے37گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چھکے اور تین چوکے مارے۔ کوشال مینڈس 34رنز بنا کر نمایاں رہے انہوں نے25گیندیں کھیلیں تین چھکے اور ایک چوکا مارا، اوپنر بیٹر پاتھم نیسانکا 15گیندوں پر 22رنز بنا کر تسکین احمد کا شکار بنے جبکہ کوشال پاریرا 16اور کمل مشارا 5رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان اسالانکا نے12گیندوں پر21رنز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن نے 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، مہدی حسن 2 اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔شرف الا سلام سب سے مہنگے ثابت ہوئے ان کے چار اوورز میں49رنز بنے۔بنگلہ دیش کے فیلڈروں نے تین کیچ ڈراپ کئے۔