• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز اور 6 مسلم رہنما کل ٹرمپ سے ملیں گے

اسلام آباد /نیویارک(نیوزرپورٹر/آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں مصروفیات کا شیڈول سامنے آگیا ہے‘پروگرام کے مطابق شہبازشریف سعودی عرب اور قطر سمیت چھ اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ منگل 23ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے‘ ٹرمپ نے پاکستان‘ سعودی عرب، ترکی، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور مصر کے رہنماؤں کو مشترکہ ملاقات کی دعوت دے رکھی ہے‘ شہباز شریف 26ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کی کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی طے پا گئی ہیں۔دفتر خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ منتخب مسلم رہنماؤں کی ملاقات میں شرکت کریں گےجس میں علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی لندن سے امریکا روانگی کے شیڈ ول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ شہباز شریف آج بروز پیر لندن سے امریکا روانہ ہونگے۔وزیراعظم نے پہلے اتوارکو برطانیہ سے امریکا روانہ ہونا تھا۔ شہباز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کی 22 ستمبر کو فلسطین کے دو ریاستی حل پر سربراہ کانفرنس میں نیویارک میں شرکت متوقع ہے۔ وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہوگا‘شہباز شریف 27ستمبرکو امریکا سے وطن واپس روانہ ہونگے ۔


اہم خبریں سے مزید