کراچی (اسٹاف رپورٹر )عزیز بھٹی تھانہ کی حدود گلشن اقبالڈالمیاشانتی نگر میں مسلح ملزما ن نے دکان پر فائرنگ کرکے پیپلز پارٹی کے کارکن کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔جناح اسپتال میں مقتول کی شناخت 40سالہ اسماعیل یوسفزئی ولد نذر محمد کے نام سے ہوئی ۔ایس ایچ او آصف کیانی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے نامعلوم ملزمان نے اسماعیل کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی ہارڈ وئیر کی دکان پر موجود تھا ۔ ملزمان نے اسماعیل کو دو گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔ مقتول اسماعیل رواں سال مارچ میں شانتی نگر میں قتل کئے جانے والے پیپلز پارٹی کے علاقائی عہدیدار اور وائس چیئر مین فائق کے مقدمے میں گواہ بھی تھا جبکہ پیپلز پارٹی پی ایس 101 یوسی شانتی نگر ڈالمیا کا کارکن تھا۔اسماعیل اور فائق خان آپس میں کزن بھی تھے جبکہ ا سماعیل فائق کا برادر نسبتی بھی تھا ۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پیپلز پارٹی کے کارکن اور رہنما ء بڑی تعداد میں جناح اسپتال پہنچ گئے ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہداکھٹے کرلئے ہیں ۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔