میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے زیادہ اہم چیزیں فکر مند ہونے کے لیے موجود ہیں، ٹرمپ کے دعووں پر غور ہی نہیں کیا، میں ان سے لاتعلق ہوں۔
لندن سے برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے میئر لندن صادق خان کو بدترین مئیرز میں سے ایک قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ میئر لندن صادق خان نے 2015 میں بھی ٹرمپ پر تنقید کی تھی جب ٹرمپ نے اپنے دور صدارت کے شروع ہونے سے قبل مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کی تجویز پیش کی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میئر لندن صادق خان کو ایک عرصہ سے پسند نہیں کرتا۔
صدر ٹرمپ نے دورہ برطانیہ کے موقع پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے کہنے پر صادق خان کو شاہی ضیافت میں مدعو نہیں کیا گیا، صادق خان شاید آنا چاہتے تھے، لیکن میں انہیں وہاں نہیں دیکھنا چاہتا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں میئر لندن صادق خان کا شمار دنیا کے بدترین میئرز میں ہوتا ہے، ہمارے پاس بھی کچھ بُرے میئرز ہیں۔