برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کے مصروف ترین علاقے کے ٹریول سینٹر میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب ایک شخص نے مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا دعویٰ کیا۔
اطلاع ملتے ہی مسلح پولیس، بم اسکواڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ سیکڑوں مسافروں کو ہنگامی طور پر عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔
پولیس نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ دیر خوف و ہراس کی کیفیت چھا گئی، لوگ ایک دوسرے کو دھکیلتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے۔
ایک مسافر نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم پلیٹ فارم پر تھے کہ اچانک پولیس نے اعلان کیا کہ سب لوگ فوراً باہر نکل جائیں۔ اردگرد بندوق بردار اہلکار دوڑ رہے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے۔ اب تک کسی دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بم اسکواڈ نے متعدد مشکوک پیکیجز کی جانچ کی، مگر ابتدائی تفتیش میں کوئی خطرناک مواد برآمد نہیں ہوا۔ پولیس نے عوام پرسکون رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً اطلاع دینے کی ہدایت کی۔
ادھر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور ٹرانسپورٹ مراکز پر اضافی نفری تعینات ہے۔ پولیس کا کہنا ہے یہ کارروائی عوام کی حفاظت کے لیے کی گئی ہے، کوئی حقیقی خطرہ ثابت نہیں ہوا، لیکن ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے۔
بریڈفورڈ کے شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے اسٹیشنز اور انٹرچینج میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔