کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان اور اس کی بقا کی ضمانت ہے۔ پشتون ثقافت امن، محبت اور بھائی چارے کی امین ہے جو صدیوں پر محیط تاریخ کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون ثقافتی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ پشتون ثقافت اپنی مثال آپ ہے جس کی بنیاد بہادری، مہمان نوازی، ایثار اور باہمی محبت جیسے اوصاف پر رکھی گئی ہے۔ یہ ثقافت نہ صرف پشتون عوام کی شناخت ہے بلکہ یہ خطے کے دیگر اقوام کے ساتھ محبت و اخوت کو بھی پروان چڑھاتی ہے۔غلام رسول خان عمرانی نے کہا کہ بلوچستان میں پشتون اور بلوچ قومیں ایک ہی دھاگے میں پروئی ہوئی ہیں۔ دونوں اقوام کی ثقافتیں امن و دوستی اور بھائی چارے کی روشن علامت ہیں، جو اس خطے کو وحدت اور یکجہتی عطا کرتی ہیں۔