کوئٹہ(خ ن)صوبائی مشیر برائے امور نوجوانان و کھیل مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر قوت ہے، پوری دنیا جان چکی ہے کہ ہمارا دفاع مضبوط اور ناقابلِ شکست ہے۔ دشمن اپنی ناکامیوں کے باعث حواس باختہ ہوچکا ہے اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے پر اتر آیا ہے مگر قوم اور افواج مل کر ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں منعقدہ فرسٹ آل بلوچستان پی پی اے ایف کراٹے ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور قومی یکجہتی کے جذبے کو بھی اجاگر کرتے ہیں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کے رافیل طیارے گرا کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت ثابت کی اور ہر محاذ پر بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی فنڈڈ تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں اور چند مٹھی بھر لوگ جو بیرونی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی دہشت گرد یا ملک دشمن عناصر کی سہولت کاری نہ کریں۔